عدم اعتمادکے نوٹس اورپی این بی گھوٹالے پرسرکاربھاگ رہی ہے:ملکاارجن کھڑگے
نئی دہلی 6اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس اپوزیشن کے ہنگامے کی نذر ہو گیا ہے۔ مرکزی وزیر اننت کمار نے ایوان نہ چلنے دینے کا الزام کانگریس صدرراہل گاندھی اور یو پی اے چیئر پرسن سونیا گاندھی پر لگایا تھا۔ ایسے میں اب سونیا گاندھی نے اننت کمارپرجوابی حملہ کیاہے۔سونیاگاندھی نے کہا کہ یہ بڑے شرم کی بات ہے کہ وزیر پارلیمانی امور ایوان میں جھوٹ بول رہے ہیں۔واضح ہوکہ جمعرات کوپارلیمانی امور کے وزیر اننت کمار نے لوک سبھا میں کہا کہ این ڈی اے نے ایوان میں موجود رہنے کا فیصلہ کیا ہے؛ لیکن اپوزیشن ایوان نہیں چلنے دے رہا ہے اور ہم نے ملک کے عوام کے جذبات کو ملحوظ رکھتے ہوئے تنخواہ اور الاؤنس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔اننت کمار نے کہا کہ ملک اب پارلیمنٹ نہ چلنے دینے کے لیے سونیا گاندھی اور کانگریس صدر راہل گاندھی سے جواب مانگ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر معاملے پر بات چیت کے لئے تیار ہے؛ لیکن کانگریس بتائے کہ وہ ایوان کیوں نہیں چلنے دے رہی ہے۔لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکا ارجن کھڑگے نے کہا کہ کانگریس پارٹی عدم اعتماد اور پی این بی گھوٹالہ سمیت دیگر تمام معاملات پر بات چیت چاہتی ہے لیکن حکومت الزام لگاتی آئی ہے کہ اپوزیشن ایوان کو چلنے نہیں دے رہا ہے۔ واضح ہوکہ جمعرات کو ہی اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے احاطے میں حکومت کے خلاف کئی مسائل پر مظاہرہ کیا تھا۔ اس میں کئی پارٹیوں کے رہنما شامل تھے۔یوپی اے چیئر پرسن سونیا گاندھی اور کانگریس صدر راہل گاندھی نے بھی اپوزیشن کے رہنماؤں کے ساتھ مظاہرہ کیا تھا ۔